افسوسناک واقعہ عبدالحکیم میں پیش آیا جہاں ملزم نے اپنے دونوں بھائیوں کو ان کے گھروں میں جاکر قتل کیا
خانیوال ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال کے علاقے عبدالحکیم میں رشتے کے تنازعے پر بڑے بھائی نے اپنے 2 چھوٹے بھائیوں کو فائرنگ اور چھریوں کے وارکرکے قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ عبدالحکیم کے محلے شیراز آباد میں پیش آیا جہاں ملزم منیر احمد نے اپنے ایک چھوٹے بھائی سے بیٹی کا رشتہ مانگا تاہم رشتے سے انکار پر اس نے اپنے دونوں چھوٹے بھائیوں کو بے دردی سے قتل کردیا، ملزم نے اپنے دونوں بھائیوں کو ان کے گھروں میں جاکر قتل کیا، مقتول بھائیوں کی شناخت قیصر عباس اور ناصر عباس کے نام سے ہوئی، ریسکیو اہلکاروں نے دونوں بھائیوں کی لاشوں کو عبدالحکیم ہسپتال شفٹ کردیا جب کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔