ملزمان میں برطانوی،اطالوی، ہسپانوی شہری شامل ،ساڑھے چار کلو کوکین، 10 کلو 800 سو گرام ڈانسنگ پلز اور7 کلو ہیروئن برآمد،گروہ کے کارندے کینٹ اورڈی ایچ اے سمیت مختلف پوش علاقوں،سکولز،، کالجزاور یونیورسٹیوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے
لاہور( کرائم ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والا بین الاقوامی گینگ گرفتار کر لیا گیا،ملزمان سے ساڑھے چار کلو کوکین، 10 کلو 800 سو گرام ڈانسنگ پلز اور7 کلو ہیروئن برآمد، گروہ میں برطانوی،اطالوی، ہسپانوی شہری شامل ہیں۔گروہ کے کارندے کینٹ اورڈی ایچ اے سمیت مختلف پوش علاقوں،سکولز،، کالجزاور یونیورسٹیوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائمز عمران کشور نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزمان لاہور کینٹ اور ڈی ایچ اے سمیت مختلف سوسائٹیز میں منشیات بیچتے تھے۔ اطالوی شہری قمر مظفر،سپین کے شہری عرفان اور برطانوی شہری عماد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان اٹلی،سپین، ہالینڈ اور بیلجیم سے منشیات سمگل کرواتے تھے۔
ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد کر لی گئی۔
ڈی آئی جی کے مطابق ملزمان سے ساڑھے چار کلو کوکین، 10کلو 800 گرام ڈانسنگ پلز اور 7 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔ ملزمان ایلیٹ کلاس علاقوں، کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی لاہور میں منشیات سپلائی کرنے والے جورڈن گینگ کو پولیس نے کو گرفتارکر کے کروڑ روپوں کی منشیات برآمد کر لی تھی۔
بتایاگیا تھا کہ گرفتار منشیات فروش گینگ بیرون ممالک سے منشیات سے بھری امپورٹڈ چاکلیٹ کوریئر سروسز کے ذریعے منگوا کر لاہور میں سپلائی کرتا تھا۔ گینگ آئس، چرس، افیون اور دیگر منشیات امپورٹڈ پیکنگ میں فراہم کرتا تھا۔گینگ کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر بدعنوان اہلکاروں کی ملی بھگت سے مختلف کمپنیوں کی کورئیر سروسز کے ذریعے غیر قانونی اشیا کی سمگلنگ کی جاتی تھی جو لاہور کی ایلیٹ کلاس اور تعلیمی اداروں میں فروخت ہوتی تھی۔پنجاب پولیس کے آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے ڈیفنس میں چھاپہ مار کر 3 خواتین سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔