ملزم نے خود کو فوڈ چین کا ملازم ظاہر کیا اور کمپنی مالک کے نام سے جعلی ای میلز بھی دوستوں کو ارسال کیں
کراچی ( کرائم ڈیسک ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جعلساز نے امریکی ویزے کا جھانسا دے کر بچپن کے دوستوں سے بھاری رقم ہتھیالی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جعل ساز نے خود کو امریکہ میں ملازمت پیشہ ظاہر کرکے بچپن کے دوستوں سید معظم اور محمد معیز سے 15 لاکھ روپے آن لائن وصول کیے، اس مقصد کے لیے ملزم نے خود کو فوڈ چین کا ملازم ظاہر کیا اور کمپنی مالک کے نام سے جعلی ای میلز بھی دوستوں کو ارسال کیں، ملزم نے متاثرہ سگے بھائیوں سے پاسپورٹ وصول کرکے واٹس ایپ پر امریکی جعلی ویزے ارسال کیے۔
بتایا جارہا ہے کہ ملزم نے متاثرہ بھائیوں کو کراچی میں امریکی قونصلیٹ سے جلد انٹرویو کی کال آنے کا کہا، اس دوران ملزم پاکستان بھی آیا اور متاثرین سے رابطے میں رہا لیکن پھر اچانک ہی غائب ہو گیا اور رابطہ نمبر بھی بند کر دیئے، کال نہ آنے پر سید معظم اور محمد معیز امریکی قونصلیٹ کراچی پہنچے جہاں انہیں امریکی قونصلیٹ کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد معلوم ہوا کہ انہیں بھیجا جانے والا ملازمت کا ویزہ اور ای میلز جعلی تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ امریکی قونصل خانے نے ایف آئی اے میں شکایت درج کرا دی، اس کے علاوہ معظم اور معیز نے بھی ایف آئی اے سے رابطہ کیا اور ادارے کو ساری حقیقت سے آگاہ کیا، جس پر اس کے سائبر کرائم سیل نے حذیفہ کے خلاف دھوکا دہی اور جعلی ویزے فراہم کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا اور معاملے کی باقاعدہ تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کردی۔