پنجاب بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کیلئے بیرک مختص کرنے کا فیصلہ

بھکاری مافیا کو جیل کی ہوا کھلائی جائیگی اور اس سلسلے میں قانون اپنا راستہ لے گا،سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد کا دورہ ، صوبے بھر کی جیلوں میں ملاقاتیوں کے کمروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت

فیصل آباد( کرائم ڈیسک ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کیلئے بیرک مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،بھکاری مافیا کو جیل کی ہوا کھلائی جائیگی اور اس سلسلے میں قانون اپنا راستہ لے گا،سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد کا دورہ کیا۔ڈی آئی جی کامران اور سپرٹنڈنٹ جیل علی اکبر نے سیکرٹری داخلہ کو بریفنگ دی۔
سیکرٹری داخلہ نے جیل میں ملاقاتیوں کے کمرے، کچن، جیل ہسپتال، مرد اور خواتین کے بیرکس کا معائنہ کیا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کی جیلوں میں ملاقاتیوں کے کمروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت کی ۔نور الامین مینگل کا کہنا تھا کہ جیلوں میں گرمی کے موسم میں ملاقاتی کمرے میں ائیر کنڈیشنڈ کا استعمال کیا جائے، جیلوں میں ملاقاتی کیمرے کو آئی ڈی اے پی ڈیزائن کرے اور قیدیوں کو تمام سہولتیں دی جائیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی ہیلتھ سکریننگ کی بھی ہدایات دیں۔نور الامین مینگل نے جیل میں کھانے کا معیار دیکھا اور فوڈ اتھارٹی کو ماہانہ سرپرائز وزٹ کی ہدایت کی۔سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ جیلوں کے کچن میں حفضان صحت اصولوں کے مطابق فوڈ گریڈ برتن استعمال کیے جائیں۔پرائیویٹ کنسلٹنٹ سے جیل عملے کھانے کی تیاری اور صحت بخش پریکٹس بارے تربیت دلوانے کی ہدایت بھی کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیاگیاتھااور درجنوں پیشہ وار گدا گروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے۔تمام ڈویژنل اور سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں بھکاریوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا گیاتھا۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں اور گداگروں کو فوری ہٹایا جائیگا۔ شہر کی مصروف اور اہم شاہراہوں کو گداگروں سے صاف کیا جائے گا۔عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ شہری ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں، آپ کی محنت کی کمائی دھوکا بازوں کیلئے نہیں ہے۔