سرگودھا ،گھریلو تنازعے پر فائرنگ سے3 نوجوان جاں بحق

علی شہباز اور بلال منیر کی مراتب علی سے لڑائی ہوئی تھی جس کا بدلہ لینے کیلئے علی اوربلال نے مراتب علی پر فائرنگ کر دی جس سے مراتب علی جاں بحق ہو گیا جوابی فائرنگ سے علی اور بلال بھی جاں بحق ہو گئے

سرگودھا ( کرائم ڈیسک ) پنجاب کے علاقے بھلوال میں گھریلوتنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں 3نوجوان جاں بحق ہو گئے ، مرنے والے تینوں نوجوان آپس میں خالہ زاد بھائی تھے ،پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔تفصیلات کے مطابق بھلوال میں تھانہ کوٹ مومن کے نواحی گاﺅں بھاگٹا والا روڈ پر گھریلو تنازعہ پر خالہ زاد بھائیوں میں جھگڑا ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق چک نمبر گیارہ کے رہائشی علی شہباز اور اسلام آباد کالونی کوٹ مومن کے رہائشی بلال منیر کی چک نمبر سرسٹھ جنوبی کے مراتب علی سے لڑائی ہوئی تھی جس کا بدلہ لینے کیلئے علی اوربلال نے مراتب علی پر فائرنگ کر دی جس سے مراتب علی جاں بحق ہو گیا جوابی فائرنگ سے علی اور بلال بھی جاں بحق ہو گئے۔مرنے والوں میں 25سالہ مراتب علی،22سالہ علی شہباز اور 17سالہ بلال منیر ہیں۔
ریجنل پولیس افیسر سرگودھا شارک کمال صدیقی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل چارسدہ میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ سے 3 افراد اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق تھانہ شبقدرکی حدود میں جائیداد کے تنازع پرفائرنگ ہوئی تھی جس سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد آپس میں پھوپھی زاد اور ماموں زاد تھے۔
پولیس کے مطابق لاشیں اورزخمی ٹی ایچ کیو شب قدر منتقل کردیا گیاتھا۔ یہ بھی بتایاگیاتھا کہ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق علاقہ گونڈا اور نصرت زئی سے تھا۔اسی طرح بنوں میںایک اور واقعہ میں گھریلو تنازع پر فائرنگ کے باعث 4 افراد جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی تھی۔پولیس کے مطابق بنوں سٹی میں محلہ قادری چیئرمین میںآئے روز چھوٹے بھائی کا جھگڑا رہتا تھا۔اسی اثنا میں تلخ کلامی ہوئی جس پر چھوٹے بھائی نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں چچا اور تین ماموں موقع پر جاں حق ہوگئے جب کہ چچی زخمی ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں اور زخمی خاتون کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔