واقعہ وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف 6 سپر مارکیٹ میں پولینڈ کے شہری کے ساتھ پیش آیا
اسلام آباد ( کرائم ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے غیرملکی کو لوٹ لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 سپر مارکیٹ میں پیش آیا جہاں پولینڈ کا شہری آرتھر گوملکا اتوار کی شام 6 بجے ہوٹل سے واک کے لیے آیا تو وہاں سے واپس جاتے ہوئے 2 کار سواروں نے اسے روک لیا، کار سواروں نے اپنا تعارف بطور پولیس افسران کروایا اور کار سواروں نے شہری سے بیک پیک چیک کروانے کا کہا، اس دوران ملزمان نے غیرملکی شہری کا والٹ نکال لیا اور فرار ہوگئے۔
اس حوالے سے غیر ملکی شہری آرتھر گوملکا نے بتایا کہ ’میرے والٹ میں 700 یورو، 700 ڈالر اور 100 روپے تھے، ملزمان نے میرے پاس موجود تمام نقدی لوٹ لی‘، بعد ازاں تھانہ کوہسار پولیس نے غیر ملکی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں۔