پولیس کی پینٹ پہن کر چہرے پر ماسک لگانے کے بعد فوڈ چینز اور میڈیکل اسٹورز پر وارداتیں کرتا تھا۔ ملزم کا اعتراف
کراچی ( کرائم ڈیسک ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے گرفتار ڈکیت کے حوالے سے انکشافات سامنے آگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کلفٹن انویسٹی گیشن پولیس کی طرف سے گرفتار کیے جانے والے ملزم شہریار نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ پولیس کی پینٹ پہننے کے بعد چہرے پر ماسک لگا کر فوڈ چینز اور میڈیکل اسٹورز پر وارداتیں کرتا تھا، ناکوں پر پولیس سے بچنے کے لیے پولیس اہلکار جیسا حلیہ اپنایا جس کے لیے پولیس اہلکار کی پینٹ موٹر سائیکل سے چوری کی اور کوئٹہ سے اسلحہ خریدا۔
ملزم نے بتایا کہ اس کا بیٹا امریکہ میں مقیم ہے اور بیٹی ڈاکٹر ہے جو میڈیکل کی مزید تعلیم بھی حاصل کر رہی ہے، اہلیہ سے علیحدگی ہوگئی تھی جب کہ والد اور ایک بھائی کا انتقال ہوگیا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں 18 سے زائد وارداتیں کیں، 3 سے 4 وارداتیں کرنے کے بعد لاہور چلا جاتا تھا اور جب پیسے ختم ہوتے تو واپس آکر پھر سے وارداتیں کرتا تھا، 2008ء میں فیروز آباد کے علاقے میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے کے بعد گرفتار ہو کر سزا کاٹ چکا ہوں۔