کراچی: ( کرائم ڈیسک ) پاکستان رینجرزسندھ اورپولیس نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار کرلیے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کمانڈر وصی اللہ لاکھو گروپ سے ہے ، ملزمان میں عبدالمبین اور زین العابدین عرف زین شامل ہیں ، ملزمان سے اسلحہ وایمونیشن اورموٹرسائیکل برآمد کیے گئے ہیں ۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزمان 2023سے لیاری گینگ وار (وصی اللہ لاکھو گر وپ) میں شامل ہوئے، ملزمان وصی اللہ لاکھو کےکہنے پر شہرکے مختلف علاقوں میں تاجروں کو بھتے کی پر چیاں اور دھمکی آمیز پیغامات دینے میں ملوث ہیں ، ملزمان ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں اور اسلحہ کی خرید وفروخت میں بھی ملوث ہیں۔
ملزمان کھارادرمیں رحمان بریانی اور ہنڈا لاکھانی شوروم پر بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کر کےفرار ہوگئے تھے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے، وصی اللہ لاکھو بیرون ملک سے بھتہ وصولی کے لئے اپنا گروپ چلارہا ہے اور باہر سے بیٹھ کر ملزمان کو ہدایات دیتا ہے، وصی اللہ لاکھوشہریوں کو ڈرانے دھمکانے کے لیے ملزمان کو اسلحہ وایمو نیشن بھی فراہم کرتاہے۔
گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔