رحیم یار خان پولیس نے واقعے کے بعد مقتولہ کے والدین اور رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا
رحیم یارخان ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں شادی سے انکار پر والدین نے 17 سالہ بیٹی کو مبینہ تشدد کے بعد زندہ جلا کر مارڈالا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع رحیم یار خان کی حدود میں ترنڈہ محمد پناہ کے علاقے بستی میانی میں پیش آیا جہاں نوجوان لڑکی کے قتل کی اطلاع پر پولیس نے وہاں پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا، جسے والدین اور رشتے دار دفنانے کی کوشش کررہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ والدین کی جانب سے زبردستی شادی کی کوشش پر لڑکی نے انکار کیا جس پر والد اور رشتے داروں نے لڑکی کو بدترین تشدد کے بعد زندہ جلادیا، لڑکی کے جسم کے مختلف حصوں پر بدترین تشدد اور آگ سے جھلسنے کے نشانات پائے گئے ہیں، قبرستان سے لڑکی کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے، جسے قتل چھپانے کے لیے مقتولہ کے والدین اور رشتے دار دفنانے کی کوشش کررہے تھے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ ترنڈہ محمد پناہ کا کہنا تھا کہ مقامی پولیس کی جانب سے واقعے کے بعد مقتولہ کے والدین اور رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، والدین اور رشتے داروں کے خلاف لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔