وارڈن نے 10 ہزار روپے جرمانہ کرکے کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس قبضے میں لے کر رائیڈر کو جانے کی اجازت دیدی
لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فوڈ ڈیلیوری موٹر سائیکل رائیڈر صارفین کو جلد کھانا ڈیلیور کرنے کے چکر میں 28 ای چالان کروا بیٹھا۔ پولیس کے مطابق مال روڈ پر ٹریفک وارڈن نے 28 بار ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرنے والے رائیڈر کو پکڑ لیا اور اس پر 10 ہزار روپے سے زائد کے ای چالان کی مد میں جرمانہ عائد کردیا، پولیس نے جلدی ڈلیوری کے چکر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے رائیڈر کو کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس قبضے میں لے کر جانے کی اجازت دے دی۔
بتایا جارہا ہے کہ لاہو رمیں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف ایک مرتبہ پھر کریک ڈان شروع کردیا گیا ہے، شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں کیوں کہ لاہور میں جنوبی ایشیا میں پہلی بار آرٹیفشل انٹیلیجنس سے 19 ٹریفک خلاف ورزیوں پرچالان شروع ہوچکے ہیں، سیف سٹی پنجاب، پولیس خدمت مراکز اور ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم کو انٹیگریڈ کردیا گیا ہے، ٹریفک سگنل، لین لائن، دھواں چھوڑنے، ون وے ٹریفک سمیت متععد خلاف ورزیوں پر ای چالان کیے جارہے ہیں، گاڑی کی نمبر پلیٹس پر کالے پیرز اور ہندسے غیر واضح کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہونے والے ای چالان نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، ای چالان نادہندہ ہونے کی صورت میں لرنر پرمٹ، ڈوپلیکٹ، فریش لائسنس اور دیگر سہولت میسر نہ ہوگی جب کہ ای چالان نادہندگان کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس ویری فیکشن سمیت 14 مختلف سہولیات حاصل نہیں کرسکیں گے، گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کےخلاف بھی کریک ڈاوٴن کا حکم دے دیا گیا ہے۔