نیٹ ورک کے دیگر دہشت گردوں کی شناخت بھی کرلی گئی۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا
پشاور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ بشام میں چینی انجینئرز پر حملے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا کے مطابق بشام میں چینی انجینئرزپر خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور اس حملے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اس کے علاوہ ان کے نیٹ ورک کے دیگر دہشتگردوں کی شناخت بھی کرلی گئی ہے۔
بتاتے چلیں کہ 26 مارچ کو چینی انجینئرز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی انجینئرز ہلاک ہوئے تھے، بشام میں چینی انجینئرز پر خودکش حملے سے متعلق پولیس نے رپورٹ وفاق کو ارسال کی، جس میں کہا گیا کہ بظاہر چینی باشندوں کو لے جانے والی گاڑی بلٹ پروف اور بم پروف نہیں لگتی، ہلاک ہونے والے چینی باشندوں میں ایک خاتون انجینئر بھی شامل ہے، تباہ ہونے والی بس دوسری بس سے 15 فٹ کے فاصلے پر تھی، خودکش دھماکے سے بس 300 فٹ گہرائی میں جا گری، چیبی قافلے میں شامل تمام بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے، خودکش بمبار کے زیر استعمال گاڑی کے ٹکڑے حاصل کئے گئے ہیں، جائے وقوعہ کی فضائی تصویر بھی حاصل کرلی گئی ہے، جائے وقوعہ سے تھانہ بشام تقریباً 6 کلومیٹر اور داسو ڈیم 77 کلومیٹر دور ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہستان میں داسو ڈیم کا دورہ کیا، اس دورے میں پاکستان میں چین کے سفیر بھی ان کے ہمراہ تھے، دورے کے موقع پر دہشت گری کا نشانہ بننے والے چینی انجینرز کی یاد میں 30 سیکنڈ کی خاموشی اختیار کی گئی، وزیراعظم نے داسو ڈیم منصوبے میں کام کرنے والی چینی کمپنی کے انجینئرز سے بھی ملاقات کی۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی انجینئرز اور ورکرز سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا، وزیرِاعظم نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے فوری اور واضح اقدامات کی ہدایات جاری کیں، چینی سفیر نے کہا کہ بشام حملے کے فوری بعد وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفارت خانے کا دورہ کیا، چینی ماہرین کی سیکیورٹی پر وزیراعظم نے اجلاس طلب کیا، داسو ڈیم کا دورہ کرنے پر ہم وزیراعظم کے مشکور ہیں۔
تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعطم نے کہا کہ چین کے بہن بھائیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے آیا ہوں، دہشت گردی کے حملے میں 5 چینی انجینئر اورایک پاکستانی کی موت ہوئی، بشام واقعہ دہشت گردی کا بزدلانہ فعل تھا، بشام حملے میں پاکستان کے دشمن شامل ہیں۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا مقصد پاک چین تعلقات کو سپوتاژ کرنا ہے، ان دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا دیں گے، ہمارے چینی دوست پاکستان کی ترقی کی اہم کردار ادا کررہے ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے چین کے انجینئرز کو ہرممکن سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔