ملزم حسن امین کو چھاپہ مار کاروائی میں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ، ملزم قابلِ اعتراض تصاویر کی آڑ میں مختلف لوگوں کوبلیک میل بھی کر رہا تھا
اسلام آباد( کرائم ڈیسک ) ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کے دوران چائلڈ پورنو گرافی مواد شیئر کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم حسن امین کو چھاپہ مار کاروائی میں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ، ملزم قابلِ اعتراض تصاویر کی آڑ میں مختلف لوگوں کوبلیک میل بھی کر رہا تھا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے مختلف متاثرین کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی قابل اعتراض تصاویر و ویڈیوز آن لائن شیئر کرنے میں ملوث ملزم حسن امین کو اسلام آباد سے گرفتار کیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے قابلِ اعتراض تصاویر و ویڈیوز بذریعہ واٹس ایپ، فیس بک اور مختلف ویب سائٹ پر شئیر کیں۔ملزم نے متعدد سوشل میڈیا اکاونٹ بنا رکھے تھے۔
ملزم کے قبضے سے 4 موبائل فون، قابل اعتراض مواد اور ڈیجیٹل آلات برآمد کر لئے گئے ہیں۔ملزم متاثرین سے رقم کا تقاضا بھی کر رہا تھا۔ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایف آئی اے نے ایک کارروائی کے دوران چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث ملزم گرفتارکیاگیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ چند عرصہ قبل ایبٹ آباد ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل ایبٹ آباد کی کارروائی سے چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا گیاتھا۔ ایبٹ آبادسائبر کرائم سرکل ایبٹ آباد نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محسن خان کو گرفتار کیا تھا۔
ایبٹ آباد ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے چائلڈ پورنوگرافی مواد شئیر کرنے میں ملوث تھا۔ ملزم کے خلاف کارروائی بین الاقوامی ادارے کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی اور ملزم کو مانسہرہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کے موبائل سے چائلڈپورنوگرافی مواد اور سوشل میڈیا اکاونٹ برآمد کر لیا گیاتھا۔ ملزم کے قبضے سے موبائل فون، لیپ ٹاپ، سمز اور ہارڈ ڈسک برآمد کر لی گئی تھیں۔ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔