جیکب آباد: ( کرائم ڈیسک ) سندھ پولیس نے جیکب آباد میں کارروائی کر کے اسلحے کی بھاری مقدار سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر صوبائی مشیر کے بیٹے اور 3 پولیس اہلکاروں سمیت 8 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے کارروائی جیکب آباد کے علاقے شمبے شاہ چیک پوسٹ پر کی، گرفتار ملزمان سے 2300 گولیاں، ایس ایم جی کے پٹے اور دیگر سامان برآمد ہوا، ملزم اسلحہ بلوچستان سے شکار پور سمگل کر رہے تھے، کارروائی میں پولیس موبائل اور ایک گاڑی تحویل میں لی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ جیکب آباد سے اسلحہ اور گولیوں کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، ملزموں سے 23 سو گولیاں اور ایس ایم جی کے پٹے اور دیگر سامان ملا ہے، کارروائی کے دوران 3 پولیس اہلکار اور 4 گینگ کے کارندے پکڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی میں پولیس موبائل اور ایک گاڑی تحویل میں لی ہے، پولیس اہلکاروں کا یہ انفرادی عمل ہے، انہیں سزا ملے گی، گرفتار ملزمان اور پولیس اہلکاروں سے تفتیش کی جا رہی ہے، پولیس اہلکاروں نے ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔