پسرور: ( کرائم ڈیسک ) پسرور میں درندہ صفت اوباش نے 3 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا، لاش 5 روز بعد کھیتوں سے برآمد ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق 3 سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد قتل کا دلخراش واقعہ پسرور کے نواحی گاؤں سرائے شاہ فتح میں پیش آیا جہاں اپنے ننھیال آئی ہوئی معصوم بچی جنت فاطمہ عید کے روز گھر سے چیز لینے کیلئے نکلی اور لاپتہ ہو گئی۔
پولیس نے والدین کی درخواست پر تفتیش کا آغاز کیا تو لاش قریبی گندم کے کھیتوں سے برآمد ہو گئی، پولیس نے ڈرون کیمرے کی مدد سے لاش برآمد کی، لاش قبضہ میں لیکر ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی، ابتدائی تفتیش کے مطابق جنت فاطمہ کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 3 سالہ بچی جنت فاطمہ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے، مریم نواز نے غمزدہ والدین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جنت فاطمہ کے قاتل کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔