ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی کی کارروائی کے دوران ملزمان سے 22000 امریکی ڈالر، 26 لاکھ 50 ہزار روپے اور موبائل فونز برآمد کئے گئے
کراچی(کرائم ڈیسک) ایف آئی اے نے ایک کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی میں ملوث گینگ کے 2ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 22000 امریکی ڈالر، 26 لاکھ 50 ہزار روپے اور موبائل فونز برآمد کر لئے،ملزمان کو کراچی کے علاقے لکی سٹار سے گرفتار کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد وقاص اور تلاوت خان شامل ہیں ملزمان حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے۔
ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ ملزمان کے موبائل فونز سے حوالہ ہنڈی سے متعلق پیغامات بھی برآمد کر لئے گئے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون زعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔