لاہور : ( کرائم ڈیسک ) پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں غیرت کے نام پر باپ اور بھائی کے ہاتھوں لڑکی ماریہ کے قتل کے معاملے میں پولیس نے مقتولہ کے دوسرے بھائی شہباز اور اس کی بیوی سمیرا کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق شہباز اور سمیرا کو عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ شہباز اور سمیرا کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے گئے، ویڈیو بنانے والے بھائی شہباز اور اسکی بیوی سمیرا کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پراسیکیوٹرجنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کیس کو ہائی پروفائل قرار دے دیا تھا۔
واضح رہے کہ کچھ روزقبل پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں مبینہ طور پر بھائی نے اپنے والد کی مدد سے بہن کو گلا دبا کر قتل کردیا تھا، بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے مبینہ قتل کا نوٹس لے کرآئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی تھی۔