وی سی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انکوائری تک اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محبوب صرف اپنے کیس کے سلسلے میں کالج آسکیں گے
لاہور(نیوز ڈیسک) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عدنان احمد نے مبینہ طالبہ ہراسگی معاملے پر انکوائری رپورٹ آنے تک اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ انگریزی ڈاکٹر محبوب کو معطل کر دیا ہے۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی انکوائری تک اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محبوب صرف اپنے کیس کے سلسلے میں کالج آسکیں گے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عدنان احمد نے یونیورسٹی کی فیکلٹی اور ڈائریکٹر شعبہ انگریزی سمیت تمام سٹاف کو واقعے سے متعلق کوئی بھی بیان دینے سے روک دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر احمد عدنان کا کہنا ہے کہ 19 مارچ کو شعبہ انگریزی میں ہونے والے واقعے پر پریشان ہیں اور ہراسانی کو کسی صورت برادشت نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چند دن قبل گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی مبینہ طور پرایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں طالبہ کو ایک ٹیچر پر بدترین تشدد کرتے دیکھا جا سکتا تھا ۔
ویڈیو منظر عام آنے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی تھی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عدنان احمد نے ویڈیو منظر عام پر معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاتھا کہ طلباءاور اساتذہ کیلئے یونیورسٹی کا ماحول پرامن رکھنا یونیورسٹی کی پالیسی ہے اور یونیورسٹی میں ہراسانی کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی ہے۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھاکہ جامعہ میں تشدد کے ساتھ ملک کے قوانین اور جامعہ اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کیلئے کوئی جگہ نہیں اوروائس چانسلر کو 19مارچ 2024ءکو پیش آنے والے حادثے پر تشویش ہے۔ معاملے کی جانچ اور ذمے داروں کے تعین کیلئے فوری طور پر کمیٹی قائم کر دی گئی تھی ۔ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے فوری طور پر اس معاملہ کی تحقیقات اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کے سپرد کر دیا تھا۔جس کو دونوں فریقین کی بات سن کر معاملے کی صحیح طریقے سے جانچ کے بعد اپنے مشاہدات اور سفارشات جلد از جلد کمیٹی کو جمع کرانے کی ہدایات جاری کی گئیں تھیں۔