90 ہزار روپے کے جرمانے عائد، فالج، فلو اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا کم وزن مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑی گئی
لاہور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 880 کلو بیمارمرغیاں اور باسی گوشت تلف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر میٹ سیفٹی ٹیموں نے ٹولنٹن مارکیٹ اور سبزہ زار مارکیٹ کی چیکنگ کی، جہاں سے 880 کلو بیمارمرغیاں اور باسی بدبودار گوشت تلف کر دیا گیا، اس دوران 9 دکانداروں کو90 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے، ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران فالج، فلو اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا کم وزن مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑلی، بیمار مرغیاں گوشت کی تیاری کے لیے ٹولنٹن مارکیٹ سے لائی گئی تھیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ میٹ شاپس پر غیر معیاری زائد المیعاد گوشت فریزر میں فروخت کے لیے رکھا پایا گیا، دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات، کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی، لاہور میں سپلائی کیے جانے والے گوشت کی مکمل ٹریسیبیلٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے ہمیشہ صحت مند مرغی ذبح کروا کر گوشت خریں، ٹولنٹن مارکیٹ سے روزانہ کی بنیاد پر سپلائی کیے جانے والے گوشت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پنجاب کی عوام تک محفوظ گوشت کی فراہمی کے لیے مسلسل ناکہ بندی اور چیکنگ کی جارہی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈسیفٹی ٹیموں کا صحت دشمن مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اسی سلسلے میں ٹیموں نے راوی ٹاؤن اور انار کلی فوڈ سٹریٹ میں سحری پوائنٹس اور رول پٹی پکوڑیاں یونٹس کی چیکنگ کی، اس دوران 13پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی جس میں سے 3 یونٹس بند، 2 مقدمات درج، 8 پوائنٹس کو 2 لاکھ 10 ہزار کے جرمانے اور 2 کو معمولی نقائص پراصلاحی نوٹسز جاری کردیے گئے اور1 ہزار کلو مردہ و مضر صحت گوشت، 800 لٹر ناقص زائد المیعاد آئل اور 500 کلو سے زائد گندے آئل سے تیار پکوڑیاں، رول پٹی تلف کردی گئیں۔