گرفتار ملزمان میں نعیم سلطان،وسیم سلطان اور شیر علی شامل ،دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے
راولپنڈی (کرائم ڈیسک) راولپنڈی پولیس نے تھانہ چونترہ کے علاقے مین دشمنی کی تنازعے پر اے ایس ایف اہلکار اور دو معصوم بچوں سمیت پانچ افراد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے میں ملوث تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان واردات کے بعد سے روپوش تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں نعیم سلطان،وسیم سلطان اور شیر علی شامل ہیں جنہوں نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر سابقہ دشمنی کی بناء پر فائرنگ کرکے پیشی کے لیے عدالت جاتے ہوئے راستے میں دو بچیوں انابیہ، تابندہ اور اسلام آباد ائیرپورٹ پر تعینات اے ایس ایف اہلکار شجاع سمیت عاطف ،ثاقب نامی پانچ افراد کو قتل اور فلک شیر کو زخمی کر دیا تھا۔
واقعے کا مقدمہ رواں سال 8جنوری کو تھانہ چونترہ میں درج کیا گیا تھا۔ ملزمان واردات کے بعد سے مسلسل روپوش اور پولیس کو مطلوب تھے جنہیں انٹیلی جنس کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیاگیا۔ایس پی صدر نبیل کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے جاری ہیں۔ ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔