راولپنڈی،دھمیال کے علاقہ میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ

ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبلان سلیم اور آصف زخمی ،ہسپتال منتقل ،ملزمان کا ایک ساتھی بھی ہلاک شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے،سی پی او سیدخالدہمدانی

راولپنڈی ( کرائم ڈیسک ) دھمیال کے علاقہ میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ،ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبلان سلیم اور آصف زخمی ہوگئے،دونوں کوہسپتال منتقل کردیاگیا،فائرنگ کے دوران ملزمان کا اپنا ایک ساتھی بھی ہلاک ،جسے پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق دھمیال کے علاقہ میں پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی،ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبلان سلیم اور آصف زخمی ہو گئے،ملزمان کا اپنا ایک ساتھی بھی ہلاک ہو گیا،دونوں زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجہ کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے،ہلاک ملزم کی شناخت کی جارہی ہے،ملزمان کے زیر استعمال اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد ہوا،واقعہ کی اطلاع پر ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی صدر اور دیگر افسران فوری موقعہ پر پہنچے،ملزمان سے برآمد کردہ موٹرسائیکل چند روز قبل ایک شہری سے دھمیال کے علاقہ سے چھینا گیا تھا،ملزم کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے،ہلاک ملزم کے فرار ساتھیوں کی تلاش کے لیے علاقہ میں سرچنگ کی گئی۔

خطرناک ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے محافظ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے۔