خاتون کو کچھ عرصہ قبل ہی طلاق ہوئی ہے، پولیس نے واقعے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کردیا
لاہور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ کیولری گراؤنڈ میں خاتون پر پٹرول چھڑک کرآگ لگا دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کیولری گراؤنڈ کی رہائشی 28 سالہ خاتون کسی کام کی غرض سے گھر سے باہر گئی تو اس دوران نامعلو م افراد نے اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں جھلسنے والی شمائلہ نامی خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ شمائلہ کو کچھ عرصہ قبل طلاق ہوئی تھی، جس کو ہسپتال میں دی جانے والی فوری طبی امداد کے نتیجے میں اب خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم پولیس کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
چند روز قبل لاہور ہی میں مالکن نے ملازمہ کو مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کرآگ لگادی جس کے بعد تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں گھریلو ملازمہ شبنم پر مبینہ تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا اور پولیس نے گھر کے مالک نعمان کو گرفتار کرلیا جب کہ متاثرہ خاتون اسپتال میں زیرعلاج ہے، پولیس نے ملزمہ کی قریبی عزیزہ مدعی ردا کی درخواست پر گھر کے مالک نعمان عرف نومی کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شبنم نامی 40 سالہ ملازمہ گزشتہ 11 سال سے اسی گھر میں کام کر رہی ہے، خاتون کے جسم پر زخم گرم پانی کے ہیں اور پیٹرول ڈال کر جلانے کے کوئی شواہد نہیں ملے جب کہ ملازمہ کے اہلخانہ نے مکان مالکن شازیہ اور اس کے شوہر کے خلاف تھانہ نارتھ کینٹ میں مقدمہ درج کروایا جس کے بعد پولیس نےگھر کے مالک کو گرفتارکیا، ملزم نعیم عرف نومی گیریژن پرائیویٹ اسکول میں اکاؤنٹنٹ ہے، ایف آئی آر میں نامزد ملزمہ شازیہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔