اسلام آباد (کرائم ڈیسک) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو ) کے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ترجمان آئیسکو کے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ماہ جنوری 2024 میں آئیسکوڈیٹیکشن ٹیموں نے 173641 میٹرز کو چیک کیا جس میں 2606 میٹرز سے 1954766 بجلی یونٹس کےغیر قانونی استعمال پر متعلقہ صارفین کو 8کروڑ89 لاکھ24ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ 106 ایف آئی آرز کا اندراج کر کے پولیس نے38بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب آئیسکو ریکوری ٹیموں نے جاری مہم کے دوران بجلی واجبات ادا نہ کرنے والے 77637 رننگ اورڈیڈ ڈیفالٹرز سے مجموعی طور پر1ارب93کروڑ95لاکھ40ہزار روپے کے واجبات وصول کیے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان کاصارفین سے کہنا تھا کہ وہ بجلی کے بل بروقت ادا کریں اور اس قومی مہم میں آئیسکو کا ساتھ دیتے ہوئے بجلی چوروں کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر 118 یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کےنمبرز 34-9252933-051 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔