راولپنڈی ،اندھیرنگری چوپٹ راج پٹواریوں کا زمینوں میں ہیر پھیر کا سلسلہ جاری و ساری

راولپنڈی کے مختلف حلقہ جات میں پٹواریوں کی جعلسازیاں زوروں پر، پٹواریوں کی زائد وصولیوں ،رشوت خوری ،زمینوں کے ریکارڈ میں تبدیلی ،جعل سازی سے شہری شدید پریشانی کا شکار

پٹوار خانوں میں سر عام پرائیوٹ منشی بٹھائے گئے جو شہریوں سے سر عام رشوت خوری کر رہے ہیں، رشوت کا حصہ نائب تحصیلداروں، قانونگو، گردواروں اور تحصیلداروں کو بھی پہنچایا جا تا ہے،ذرائع کا انکشاف

کمشنر راولپنڈی اور انٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ پٹوار خانوں کے دورے کر کے عوام کو اس بیماری سے نجات دلائیں،عوامی مطالبہ

راولپنڈی(حالات انویسٹیگیشن ڈیسک ) تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے مختلف موضع جات میں تعینات پٹواریوں کی زائد وصولیوں ،رشوت خوری ،زمینوں کے ریکارڈ میں تبدیلی ،جعل سازی سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں ایک جانب شہریوں کو فرد کے حصول ،ملکیت کے انتقال کےلئے کئی ہفتوں تک پٹوارخانوں میں خوار کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف من مانے پیسے وصول کئے جا رہے ہیں۔مقامی اخبار حالات کے مطابق پٹوار خانوں میں سر عام پرائیوٹ منشی بٹھائے گئے جو شہریوں سے سر عام رشوت خوری کر رہے ہیں اور رشوت کی مد میں لی جانی والی رقم کا حصہ نائب تحصیلداروں،قانونگو،گردواروںاور تحصیلداروں کو بھی پہنچایا جا رہا ہے۔

اینٹی کرپشن کی جانب سے درجنوں پٹواریوں کیخلاف رشوت خوری و دیگر غیر قانونی کارروائیوں پر مقدمات درج کئے گئے لیکن صورتحال جوں کی توں ہیں‘ پٹوار خانوں میں رشوت خوری ،ریکارڈ میں تبدیلی اور جعل سازی سے شہریوں کے لئے درد سر بن گیا ہے۔مقدمات کے اندراج کے باوجو بھی انہی پٹواریوں کو مختلف مو ضع جات میں تعینات کیا گیا جنہوں نے شہریوں کو جینا محال کر دیا ہے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے حوالے سے بھی خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی بہت سے ایسے موضعات جات ہیں جن کی جمع بندی مکمل نہیں ہوئی اور ریکارڈ کی اپ گریڈیشن التواءکا شکار ہے اور مبینہ طور پر پٹواری کمپیوٹرائز سسٹم کو ناکام بنانے کےلئے جان بوجھ کر جمع بندی مکمل نہیں کر رہے۔

حکومت کی جانب سے زمین ،گھر کی فروخت کےلئے فرد بیع کی فیس 50روپے رکھی گئی ہے جبکہ فرد مختار عام ،فرد مختار خاص کے 50روپے اور انتقال یعنی زمین (اپنی ملکیت میں کروانے) کی فیس 500روپے رکھی گئی ہے اسی طرح شجرہ عکس کی فیس 100،فرد بدر کی فیس 100 و یگر فیس بھی اسی تناسب میں رکھی گئی ہیں جبکہ پٹوارخانوں میں انہی کاموں کے لاکھوں روپے وصول کئے جا رہے ہیں پٹوارخانوں کے اندر بیٹھے پرائیوٹ منشی اور باہر بیٹھے ٹاﺅٹ سادہ لوح شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں اس تمام صورتحال میں حکام بالا خاموش ہیں شہریوں کوئی سنوائی نہیں ہو رہی۔ کمشنر راولپنڈی اور انٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ پٹوار خانوں کا خود دورے کریں اور عوام کو اس بیماری سے نجات دلائیں اور کرپت پٹواریوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں-