لین دین کے تنازع پر 16سالہ بیٹے کو باپ کے ساتھ گرفتار کیے جانے کا انکشاف

میرپور: لین دین کے تنازع پر 16سالہ بیٹے کو باپ کے ساتھ گرفتار کیے جانے کا انکشاف

میرپور میں لین دین کے تنازع پر پولیس کی جانب سے  16سالہ بیٹے کو باپ کے  ساتھ گرفتار کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار باپ حامد نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) میر پور کے بھائی کے مبینہ طور پر 9 کروڑ روپے دینے تھے، ایس ایس پی کے بھائی سے مبینہ فراڈ پر میرپور میں 29 مئی کو مقدمہ درج ہوا۔

والد حامد کی ضمانت ہوگئی لیکن اس کا 16 سالہ بیٹا مصطفیٰ میرپور جیل میں موجود ہے، بچے کی میرپور جیل میں موجودگی کا پتہ افسران کے دورہ جیل کے دوران چلا۔

ایس ایس پی میرپور عرفان سلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 16سالہ لڑکے کے لین دین میں ملوث نہ ہونے کی تصدیق کردی۔

عرفان سلیم کا کہنا ہے کہ ایک چیک میرپور کا تھا اس لیے مقدمہ یہاں درج کیا گیا، بیٹا باپ کے ساتھ آتا ہے اس لیے اس پر مقدمہ قائم کیا گیا، بچے کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں، جب بھی کروائی گئی مخالفت نہیں ہوگی۔