الیکشن کمیشن نے انتخابات سے باہر کرنے کے لیے جلد بازی میں غیر قانونی اقدام کیا‘ پانچ سالہ نااہلی کو کالعدم قرار دے کر نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔ لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 5 سال کیلئے نااہلی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 5 سال کے لیے نا اہلی کا اقدام چیلنج کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023ء کو 5 سال کے لیے بطور رکن قومی اسمبلی نااہل کیا، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو الیکشن سے باہر کرنے کے لیے جلد بازی میں غیر قانونی اقدام کیا، اب سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے اور درخواست گزار الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہے۔
سابق وزیراعظم کا پٹیشن میں کہنا ہے کہ درخواست گزار پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے پانچ برس کی نااہلی کو کالعدم قرار دے، درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔
ادھر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی نااہلی اور پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس پر سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی، بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل شعیب شاہین الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، پٹیشنر خالد محمود ایڈوکیٹ بھی الیکشن کمیشن میں موجود تھے۔
دوران سماعت شعیب شاہین نے کہا کہ ہم نے انٹر پارٹی انتخابات کا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کروادیا ہے، اب اس کیس کو ختم ہوجانا چاہئیے، قانونی طور پر یہ معاملہ ختم ہوگیا ہے کیوں کہ پارٹی کا نیا چئیرمین آگیا ہے لیکن اگر آپ اس کیس کو چلانا چاہتے ہے تو اکبر ایس بابر پٹیشن دائر کررہے ہیں اس کے ساتھ چلا لیں۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ’آپ خالد محمود کو موقع دے رہے ہیں کہ وہ نئے چئیرمین کے خلاف بھی پٹیشن دائر کرے‘، جس پر خالد محمود نے کہا کہ ’آپ آرڈر میں لکھ کر دے دیں کہ عمران خان سزا یافتہ ہے وہ پارٹی کا کوئی عہدہ رکھ نہیں سکتے‘، چیف الیکشن کمشنر نے جواب دیا کہ ’بانی چئیرمین پی ٹی آئی نے الیکشن لڑا ہی نہیں اس میں ہم کچھ نہیں کہ سکتے‘۔