جاں بحق شہری گرین ٹاؤن لاہور کا رہائشی اور پولیس کا ریکارڈ یافتہ نکلا،لاہور میں تین مقدمات درج کیے گئے تھے
لاہور(نیوز ڈیسک) بہاولپور میں ٹائیگرز کے حملے سے موت کے منہ میں جانے والے شہری کی شناخت ہو گئی۔دنیا نیوز کے مطابق ٹائیگر کے حملے سے جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت فنگر پرنٹ سے کی گئی۔ جاں بحق شہری کی شناخت محمد بلاول ولد محمد جاوید کے نام سے ہوئی۔ جاں بحق شخص کے والد سے رابطہ ہو چکا ہے اور وہ بہاولپور روانہ ہو چکے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ جاں بحق شہری گرین ٹاؤن لاہور کا رہائشی اور پولیس کا ریکارڈ یافتہ نکلا۔ ملزم کے خلاف لاہور میں تین مقدمات درج کیے گئے تھے۔ملزم کے خلاف ایک پتنگ بازی کا مقدمہ درج تھا۔جاں بحق شہری کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل ہو چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق ہلاکت سے قبل شہری کی جانب سے مزاحمت کے آثار ملے،جسم کے مختلف حصوں پر زخم ہیں لیکن کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی۔
شہری کی موت اطلاع سے 12 گھنٹے قبل رات کے وقت ہوئی۔ٹائیگرز نے شہری کی ایک ٹانگ کو مکمل طور پر نوچ لیا تھا۔ گردن سے بھی گوشت کو نوچا ہوا تھا۔شہری کے دونوں ہاتھوں میں ٹائیگرز کے بال تھے۔ ٹائیگر کے حملے سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سوئپر ساڑھے دس بجے صفائی کے لیے شیر ہاؤس گیا تو واقعے کا پتہ چلا۔ ڈی سی، اے سی، پولیس اور ریسکیو ادارے بھی پہنچے۔
جاں بحق شخص سے کسی قسم کی دستاویزات نہیں ملیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیقات سے جاں بحق شخص نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔ چڑیا گھر واقعے پر کمشنر نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر ، ہیڈ آف فرانزک ، سائنس کنزرویٹو جنگلات کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔انچارج فرانزک، ریسکیو انچارج کرائم سین بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔گذشتہ روز وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔