راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ اور آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے ضلع مری کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے لوئر ٹوپہ اور جھیکا گلی میں قائم سہولت مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی زیرصدارت مری ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس بھی ہوا۔
اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کو سیاحوں کے لیے کیے گئے انتظامات کے حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔کمشنر راولپنڈی نے ہدایت دی کہ برف باری سیزن سے قبل تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔15 دسمبر تک تمام تر انتظامات مکمل ہونے چاہیے،سیکورٹی اور ٹریفک کے حوالے سے جامع پلان مرتب کیا جائے۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ برف باری کے سیزن کے دوران مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی ڈیجیٹل کونٹینگ کی جائے،گنجائش سے زائد گاڑیوں کو داخل نہ ہونے دیا جائے،برف باری سیزن کے دوران گذشتہ سال کی طرح شٹل سروس کا بندوبست کیا جائے ،مری میں مختلف مقامات پر 13 سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے سہولت مراکز کے علاوہ کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔مری میں 3 ماہ کے لیے ہر قسم کی کنسٹریکشن کرنے پر پابندی ہوگی۔ایکسپریس وے پر موڑ سائیکل کی انٹری پر 15 دسمبر سے 15 فروری تک مکمل پابندی عائد ہوگی۔سیاحوں کی رہنمائی کے لیے قائم سہولت سینٹر میں متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں تفویض کی گئی ہیں۔
کمشنر نے کہا کہ برف باری کے سیزن میں تمام ادارے 24 گھنٹے الرٹ رہیں گے۔برف باری ہٹانے کے لیے تمام مشینری مین پوائنٹس پر موجود ہونی چاہیے۔کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بائی پاس کے بنائے جانے والے یوٹرن کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ برف باری سیزن کے دوران کسی بھی دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے،مال روڈ کی خوبصورتی کے لئے شجرکاری کاری کی جائے،روڈز کی لائٹنگ کو درست کروایا جائے،درختوں کی کٹائی کرنے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے،برف باری باری کے دوران سڑکوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا جائے،ٹریفک مینجمنٹ پلان پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے گا۔
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ سیاحوں کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں،برف باری سیزن کے دوران مختلف شفٹوں میں پولیس اہلکار سیاحوں کی مدد کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔