4 روزہ میچ: شان مسعود کی ڈبل سنچری، پاکستان کی 391 رنز پر اننگز ڈیکلیئر

کینبرا: (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ میں شاہینوں نے اپنی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز پر ڈیکلیئر کر دی، اس وقت آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کے پہلے ٹور میچ میں کپتان شان مسعود نے شاندار ڈبل سنچری سکور کی اور 201 رنز پر وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی اننگز

کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام الحق 9 رنز بنا کر بکنگھم کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

عبداللہ شفیق 38 رنز بنا کر سٹیکیٹی کا شکار بنے جبکہ بابر اعظم بھی 40 رنز بنا کر بکنگھم کا شکار بنے۔

چائے کے وقفے کے بعد سعود شکیل بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے اور انہوں نے 13 رنز کی اننگز کھیلی لیکن شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔

سرفراز احمد نے 41 رنز سکور کیے جبکہ فہیم اشرف کھیل کے آخری اوور میں 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ عامر جمال 5، میر حمزہ 8 اور خرم شہزاد 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔