بگ بیش لیگ کا آج سے آغاز، حارث، اسامہ، عماد اور زمان ایکشن میں دکھائی دیں گے

اسلام آباد: (سپورٹس ڈیسک) بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کا 13واں ایڈیشن آج سے آسٹریلیا میں شروع ہو گا، پاکستانی کرکٹرز حارث رؤف، اسامہ میر، عماد وسیم اور زمان خان بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

بگ بیش لیگ کے مینز ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں، آج پہلا میچ برسبین ہیٹ اور میلبورن سٹارز کے درمیان برسبین میں کھیلا جائے گا، پرتھ سکارچرز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

بگ بیش لیگ آسٹریلیا کا پیشہ وارانہ ٹی ٹوئنٹی ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جس میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے زور آزمائی کریں گی جن میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز، برسبین ہیٹ، ہوبارٹ ہریکینز، میلبورن رینیگیڈز، میلبورن سٹارز، پرتھ سکارچرز، سڈنی سکسرز اور سڈنی تھنڈر شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ ڈبل راؤنڈ روبن اور پلے آف سسٹم کے تحت کھیلا جا رہا ہے، ایونٹ میں فائنل سمیت کل 44 میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ میں پرتھ سکارچرز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، فائنل میچ 24 جنوری 2024 کو کھیلا جائے گا۔

پاکستانی کرکٹرز حارث رؤف، اسامہ میر اور عماد وسیم میلبورن سٹارز کا حصہ ہیں جبکہ اس ٹیم کی قیادت ورلڈ کپ 2023ء کے ہیرو اور آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکس ویل کریں گے، فاسٹ باؤلر زمان خان سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کریں گے۔