عدالت کا عمران خان کو پیش کرنے کا حکم‘ دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سربراہ پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر ملزمان کے خلاف باضابطہ سماعت کا آغاز ہوچکا ہے، آج کی سماعت میں عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت دیگر ملزمان کو طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کردیئے۔
بتایا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے 6 دسمبر کو تمام ملزمان طلب کیا ہے، سابق وزیراعظم عمران خان کو اڈیالہ جیل سے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ ریفرنس میں شامل دیگر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، جن میں شہزاد اکبر، ملک ریاض،زلفی بخاری، احمد علی ریاض اور فرح گوگی شامل ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر کے خلاف نیب ریفرنس دائر کیا ہے، نیب کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان او ردیگر کے خلاف ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا گیا ہے، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ عدالت میں ریفرنس دائر کیا، جس کے بعد احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی۔
معلوم ہوا ہے کہ نیب راولپنڈی نے ریفرنس میں مجموعی طور پر 8 ملزمان کے نام دیئے ہیں، نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سابق وزیراعظم عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، فرح گوگی، سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر، ملک ریاض، علی ریاض، بیرسٹر ضیا المصطفیٰ نسیم اور زلفی بخاری کو ملزم نامزد کردیا گیا۔