آج کہتا ہے 9 مئی نواز شریف نے کرایا، واہ جی واہ!

عمران خان کے بیان پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا ردعمل

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے بیان پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ پہلے کہتا تھا 9 مئی کے حملے میں نے نہیں بلکہ میرے کارکنان نے کیے تھے اور آج کہتا ہے 9 مئی نواز شریف نے کرایا تھا یعنی 9 مئی کو تحریک انصاف کے لیڈران اور کارکنان نواز شریف سے ہدایات لے رہے تھے، واہ جی واہ۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ 9 مئی لندن پلان کا حصہ تھا، نوازشریف کا واپس آنا اور پی ٹی آئی ختم کرنا لندن پلان کا حصہ تھا۔
5 اگست کے بعد آج صحافیوں سے اپنی پہلی غیر رسمی گفتگو میں سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے ڈونلڈ لو کے کہنے پر سب کیا، جنرل ریٹائرڈ باجوہ کو عدالت بلاؤں گا، سائفر کیس میں قمر جاوید باجوہ اور امریکی سفارتخانے کے آفیشلز کو گواہ بناؤں گا کیوں کہ قمر جاوید باجوہ نے سب کچھ ڈونلڈ لو کے کہنے پر کیا۔

اس موقع پر جب صحافی نے کہا کہ ’حالات بتاتے ہیں آپ کو طویل عرصے تک جیل میں رہنا پڑے گا‘ اس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، جیل میں کسی قسم کی مشکل نہیں، جیل میں رہنا عبادت سمجھتا ہوں، قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کیلئے تیار ہے، مجھ سے نہ کوئی ملا نہ مذاکرات کیے، جیل میں مرنا قبول کرلوں گا لیکن ڈیل کرکے ملک چھوڑ کر نہیں جاؤں گا، میری قوم کو جا کر بتا دیں کہ عمران خان آپ کے ساتھ بے وفائی نہیں کرے گا‘۔
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’میں آج آپ کو واضح کر رہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی، حالات دیکھ کر خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں، چھ فیصد کی گروتھ کو صفر پر لے آئے ہیں، لوگ کیا پاگل ہیں انہیں نہیں پتہ کہ کون کیا کررہا ہے‘۔ اپنی اہلیہ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’قسم اٹھانے کیلئے تیار ہوں اور قرآن پر ہاتھ رکھنے کیلئے تیار ہوں بشریٰ کو اس دن دیکھا جس دن میرا نکاح ہوا‘۔