عمران خان اصرار کر رہے ہیں کہ ملک اور پارٹی کو آپ کی ضرورت ہے،جو ملک کے لیے بہتر ہو گا وہ فیصلہ کروں گا۔لطیف کھوسہ
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) معروف قانون لطیف کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے مشاورت شروع کر دی۔لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مجھے تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی ہے ۔ میں تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق فیملی سے مشاورت کر رہا ہوں۔ لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ بھی تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق مشورہ کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جو ملک کے لیے بہتر ہو گا وہ فیصلہ کروں گا۔ سابق چئیرمن اصرار کر رہے ہیں کہ ملک اور پارٹی کو آپکی ضرورت ہے پارٹی میں آ جائیں۔قبل ازیں وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ میں حکومت کا کوئی عمل دخل ہے نہ عمران خان کا، القادر یونیورسٹی میں حکومت کا پیسہ ہے تو حکومت واپس لے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب)نے عدالت سے چیئرمین پی ٹی آئی کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے 25، 30 نکات کی دستاویز پیش کی، اس پر تفتیش کرنی ہے۔ ہم نے نیب کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت میں دلائل دیے۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ القادر ٹرسٹ میں حکومت کا کوئی عمل دخل ہے نہ عمران خان کا۔ ہم نے عدالت کو بتایا ساری رقم برطانیہ سے سپریم کورٹ کے اکانٹ میں آئی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ القادر یونیورسٹی کی جو عمارت بنائی گئی وہ زمین پر موجود ہے۔ القادر یونیورسٹی میں حکومت کا پیسہ ہے تو حکومت واپس لے۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ لوگوں نے القادر یونیورسٹی کو عطیات دینا بند کردیا ہے۔انہوںنے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دیا جا رہا، شریف فیملی کے کیسز میں نیب خاموشی اختیار کیا ہوا ہے۔