لاہور میں بارش کے بعد سموگ میں کمی آگئی

لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آ گیا، محکمہ موسمیات کی پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کی پیشگوئی

لاہور ( نیوز ڈیسک ) لاہور میں بارش کے بعد سموگ میں کمی آگئی۔پنجاب حکومت مصنوعی بارش کی پلاننگ کرتی رہ گئی، قدرتی بارش کے بعد لاہور میں سموک میں واضح کمی دکھائی دی۔اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آ گیا تاہم کراچی 206 پریکٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرا نمبر پرآ گیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی جس سے آسمان پر کئی روز سے چھائے سموگ کے بادل کم ہو گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج مری، گلیات سمیت بالائی علاقوں میں باری جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔گذشتہ دن بتایا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت نے سردی کی شدت بڑھا دی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں علی الصبح ہونے والی ہلکی بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے آ گیا ، بارش کی وجہ سے لاہور پر چھائی سموگ میں بھی کمی ہوئی ، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں پانچویں نمبر پر آگیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 192 ریکارڈ کی گئی ۔
ادھر قصور شہر و گردونواح میں آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں، سرد ہوا کے ساتھ ہلکی ہلکی بوندا باندی سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔دوسری جانب وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔وادی نیلم میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سمیت زیریں علاقوں میں شدید بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ، سیاحتی مقامات رتی گلی، اڑنگ کیل، تابٹ، لوات بالا میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ادھر بلوچستان میں بھی بارش اور تیز ہوائوں کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا، کئی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے آگیا۔