ن لیگ مہنگائی لیگ بن چکی، غریبوں کا خیال صرف ہماری پارٹی رکھتی ہے: بلاول بھٹو

کوئٹہ: (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ مہنگائی لیگ بن چکی، عوام کو معلوم ہے یہ سیاست کے شوباز ہیں، دوسری جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، صرف ہماری پارٹی غریبوں کا خیال رکھتی ہے۔

یوم تاسیس کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو نئی سوچ اور سیاست کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو نفرت اور انتقام کی پرانی سیاست کو دفن کرنا پڑے گا، ہمیں اس سیاست کی ضرورت ہے جس میں اتحاد کے بارے میں سوچیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کل کچھ لوگ چارٹر آف اکانومی کی بات کرتے ہیں، پیپلز پارٹی پیپلز چارٹر آف اکانومی لائے گی، انہوں نے کہا کہ سیاستدان اپنی انا کے بجائے عوام کی خدمت کا سوچیں، پیپلز پارٹی کا مخالف کوئی سیاستدان یا سیاسی جماعت نہیں بلکہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کوئی کھلاڑی نہیں، میں نوجوانوں کی نمائندگی کروں گا، انشاءاللہ پیپلز پارٹی آنے والا الیکشن جیتے گی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے اقتدار میں آ کر نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ اور کسانوں کو سبسڈی دینے کا بھی وعدہ کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا، مزدوروں کو حقوق دینے کیلئے ’بے نظیر مزدور کارڈ‘ بھی لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی جیالا وزیر اعلیٰ آئے گا، کوئٹہ میں دل کے امراض کے علاج کیلئے بڑا ہسپتال بنائیں گے، جیسے آپ نے قائد عوام اور بی بی شہید کا ساتھ دیا، اس طرح ہمارا ساتھ دیں تو ہم بلوچستان کی قسمت بدلیں گے۔