عمران خان کی چیف جسٹس سے پی ٹی آئی کی انتخابی مہم روکنے، اغواء و گمشدگیوں کے نوٹس کی اپیل

بڑی تعداد میں لوگوں کی سیاسی وفاداریاں زبردستی تبدیل کروائی جارہی ہیں‘ نگران حکومتوں سمیت الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ پی ٹی آئی امیدواروں کو الیکشن مہم کی اجازت دیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے چیف جسٹس کو لکھے خط کا متن

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف جسٹس پاکستان سے پی ٹی آئی کی انتخابی مہم، اغوا و گمشدگیوں کے خلاف نوٹس لینے کی اپیل کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے نام لکھے خط میں پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کو روکنے، کارکنوں و رہنماؤں کے اغوا اور گمشدگیوں کےخلاف نوٹس لینے کی اپیل کی ہے، خط میں چیف جسٹس سے وفاق وصوبائی حکومتوں کو لیول پلئنگ فیلڈ دینے کیلئے ہدایات جاری کرنے کی بھی استدعا کرتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور سیاستدانوں کی جبری گمشدگیوں پر کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ خط میں عمران خان نے لکھا ہے کہ تحریک انصاف سے وابسطہ افراد کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، تحریک انصاف سے وابسطہ رہنماؤں کو جبری گمشدہ کیا جارہا ہے، بڑی تعداد میں لوگوں کی سیاسی وفاداریاں زبردستی تبدیل کروائی جارہی ہیں، ضمانت ہونے کے باوجود سیاستدانوں کی گرفتاریاں روکی جائیں، وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ پی ٹی آئی امیدواروں کو الیکشن مہم کی اجازت دیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا خط میں کہنا ہے کہ پیمرا کو حکم دیا جائے کہ دیگر جماعتوں کی طرح پی ٹی آئی کو بھی میڈیا کوریج فراہم کی جائے، سینئیر وکیل اعتزاز احسن نے سیاستدانوں کی جبری گمشدگیوں سے متعلق پٹیشن دائر کی، اس خط کو بھی آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت پٹیشن کے طور پر لیا جائے۔