پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی
نوازشریف کی فوری بریت کے بعد بھی ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا‘ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کیلئے تیار رہیں۔ صدر پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو
لاہور ( نیوز ڈیسک ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے اڈیالہ جیل سے ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد کے روبرو پیش کیا۔
دوران سماعت اینٹی کرپشن حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی کے خلاف اینٹی کرپشن میں پنجاب اسمبلیوں میں غیر قانونی بھرتیوں کا مقدمہ درج ہے، سابق وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 کے عہدوں پر 12 غیر قانونی بھرتیاں کیں، پنجاب اسمبلی میں امیدواروں کے ریکارڈ میں ردوبدل کیا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام نے مزید کہا کہ بھرتی کے عمل میں جعل سازی کیلئے جعلی ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات لی گئیں، انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں بھرتیاں جعلی ثابت ہوئیں۔
بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کو دوبارہ 14 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف کی فوری بریت کے بعد بھی ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا، ہیرا پھیری کے چمپئن شریف برادران اللہ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے، تحریک انصاف پورے پاکستان میں ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی، تحریک انصاف بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں اترے گی اور کامیابی بھی حاصل کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف ایسا تاثر پیدا کر رہے ہیں جیسے یہ چار بار عوام کو دھوکہ دینے کے بعد پھر آ جائیں گے، اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دیں گے، مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا، لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کیلئے تیار رہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ن لیگ ہر بار عوام کو گمراہ کر کے اقتدار حاصل کرتی ہے، اب ان لاڈلوں کو چاہئے کہ عوام کی جان چھوڑ دیں، یہ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کرلیں عوامی غیض وغضب سے نہیں بچ سکیں گے، وہ دن دور نہیں جب عوام ان لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے اور یہ منہ چھپاتے پھریں گے، نوازشریف اور شہبازشریف دونوں اپنے کیس ختم کروا کے بھی سرخرو نہیں ہو سکتے عوام کو جواب دینا ہو گا کیوں کہ شہبازشریف نے 16 ماہ کی حکومت میں سوائے لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کے کچھ نہیں کیا، اس کے بدلے لاڈلوں نے پاکستان کو مہنگائی اور بیروزگاری کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا خزانہ سیاسی عیاشیوں پر اڑانے والے نگران بچوں کیلئے قرانی سپارے نہیں چھاپ رہے، اللہ کے فضل و کرم سے ہماری حکومت نے بارہویں جماعت تک ناظرہ قران کی تعلیم لازمی قرار دی تھی، پرائمری تک بچوں کو مفت سپارے دئیے گئے تھے یہ سپارے نہایت اعلیٰ کاغذ پر نفیس طور پر شائع کیے گئے، نگران حکومت کے پاس جعلی بادل اور بارش کی دھوکہ دہی کیلئے تو وافر فنڈز موجود ہیں۔ لیکن ہمارے دور میں شروع کردہ کار خیر بلکہ مذہبی فریضہ کی ادائیگی کو آگے بڑھانے کی بجائے سپارے چھاپنے ہی بند کر دئیے، وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد اللہ لوگ آدمی ہیں وہ فوری نوٹس لیں۔