راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے ڈیوٹی پر آتے ہوئے ٹریفک حادثے کا شکارہونے والے پولیو ورکرز کے لئے اپنے ویلفیئر فنڈ میں سے مالی امداد کا اعلان کیاہے، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو ایک ایک لاکھ جبکہ زخمیوں کے لئے 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ اپنی ڈیوٹی جانفشانی سے دینے والے ایسے ورکرز ہی ہمارا اصل اثاثہ ہیں جو ایک قومی مسئلے کے حل کے لئے کوشاں اور اپنی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
انہوں نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کہ زخمیوں کی بہترین دیکھ بھال یقینی بنائی جائے اور وہ گاہے بگائے ہسپتال کا چکر لگاکر ان کی خیریت معلوم کریں۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 پولیو ورکرز کے پسماندگان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اس قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پسماندگان کی مزید مالی مدد کے لئے متعلقہ فورم پر کیس لے جائے گا ،نیز مالی مدد کی ساتھ ساتھ انہیں باقی تمام ضروری امداد بھی فراہم کی جائے،اس موقع پر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز نے بتایا کہ 5 موبائل ٹیم ممبرز گھر سے پولیو ڈیوٹی کے لئے فکس سینٹر رورل ڈسپنسری ڈھالہ آتے ہوئے بائیک سے ٹکرانے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئے، 45سالہ یاسمین اخترجو 07 سال سے سروس میں ہیں وہ موقع پر جان ہار بیٹھی جبکہ بقیہ 3 کو فوری ہسپتال منتقل کیاگیا، 47 سالہ محمد مسکین جو سات سال سے سروس میں تھے وہ بھی بینظیر بھٹو ہسپتال ایمرجنسی میں جان کی بازی ہارگئے، جبکہ صالحہ آفتاب،سبحان اور یاسمین فردوس ہسپتال میں زیر علاج ہیں، صالحہ آفتاب کی حالت اس وقت نازک ہے اور وہ بینظیر بھٹو ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ باقی دونوں کی حالت بہتر اور خطرے سے باہر ہیں۔