متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگیا، دونوں ممالک کےدرمیان اربوں ڈالر کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کامیاب معاہدوں پرعوام کو مبارکباد دی۔
نگراں وزیراعظم انورالحق کاکڑ کے مطابق آج شیخ محمد بن زاید النہیان نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی ہے، بہت جلد پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، آج علاقائی استحکام، اسٹریٹجک تعاون کا بھی پاک امارات تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دستخط کے موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور نگراں وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔ سمجھوتوں کے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔
امارات پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرے گا
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرے گا۔
ذرائع کے مطابق توانائی، پورٹ آپریشنز پروجیکٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبوں، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹکس اور شعبہ معدنیات میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوگی، سرمایہ کاری سے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت مختلف اقدامات پورے کرنے میں مدد ملے گی۔