لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے متعلقہ ایس ایچ او کو وارنٹ کی تکمیل کرانے کی ہدایت کردی گئی
لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالت نے سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس پر اب عدالت کی جانب سے متعلقہ ایس ایچ او کو وارنٹ کی تکمیل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے اور مریم اورنگزیب کو 9 دسمبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے 25 نومبر کو عدم پیشی پر مریم اورنگزیب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جہاں اداروں کے خلاف اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمہ کی سماعت ہوئی اور عدالت نے عدم پیشی پر مسلم لیگ ن کی رہنماء مریم اورنگزیب کو دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔
علاوہ ازیں عدالت نے مریم اورنگزیب کی بریت کی درخواست پر پراسکیوشن سے جواب طلب کیا ہے جب کہ عدالت میں پیش ہونے پر ن لیگی رہنماء میاں جاوید لطیف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے گئے اور جاوید لطیف سمیت دیگر کو آئندہ 9 دسمبر کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ خیال رہے کہ لیگی رہنماؤں کیخلاف تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے اور عدالت ریاست مخالف تقاریر کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی حاضری معافی کی درخواست اور ضمانتی مچلکے مسترد کرچکی ہے۔
دوسری طرف عدالت نے بغاوت اور اشتعال انگیز تقاریر کے کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بری کردیا، گوجرانوالہ کے جوڈیشنل مجسٹریٹ فیصل الاسلام نے چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف بغاوت اور اداروں کو دھمکی دینے کے کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا اور اپنے فیصلے میں عدالت کی جانب سے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اس کیس سے بری کردیا گیا۔