پاکستان میں مناسب رشتے نہ ملنے کی وجہ کیا ہے سروے سامنے آ گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں مناسب رشتے نہ ملنے کی وجوہات جاننے کیلئے انسٹی ٹیوٹ برائے عوامی رائے اور ری سرچ کی جانب سے کروائے گئے سروے کے نتائج سامنے آ گئے ہیں جس میں سب سے بڑی وجہ بیروزگاری کو قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان بھر میں کرائے گئے عوامی سروے میں84 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ رشتے ڈھونڈنے کے لیے دوستوں یا رشتہ داروں سے رجوع کرتے ہیں،13 فیصد رشتہ کرانے والوں سے رابطہ کرتے ہیں اور صرف ایک فیصد ایسے ہیں جو رشتہ ایپس اور انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔مناسب رشتے نہ ملنے کی وجوہات سے متعلق سوال کے جواب میں 41 فیصد نے کہا بیروزگاری، 17 فیصد نے کہا تعلیم کی کمی اور دلچسپ طور پر 15 فیصد نے کہا کہ مناسب رشتے اس لیے نہیں ملتے کہ لوگ اپنے بارے میں غلط یا جھوٹی معلومات دیتے ہیں۔

مردوں سے پوچھا گیا کہ رشتے کی تلاش میں اُن کی ترجیح کیا ہوتی ہے، تو 25 فیصد نے کہا کہ وہ لڑکی میں اچھی تعلیم چاہتے ہیں اور 21 فیصد نے گورا رنگ اور خوبصورتی کو اپنی پہلی ترجیح بتائی۔ صرف 6 فیصد نے کہا کہ وہ دیکھتے ہیں لڑکی کتنی مذہبی ہے۔اسی طرح جب خواتین سے پوچھا گیا کہ رشتے کی تلاش میں اُن کی توقعات کیا ہوتی ہیں تو 47 فیصد نے کہا کہ لڑکے کی اچھی تنخواہ ہو، 12 فیصد نے کہا لڑکے کا اپنا گھر ہو، 8 فیصد نے چھوٹی فیملی کو اپنی ترجیح بتائی جب کہ لڑکیوں میں سے صرف 3 کی ڈیمانڈ رہی کہ لڑکا مذہبی ہو۔