دوست ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر کوئی کنفیوژن نہیں، مختلف ایم اویوزسائن کرنے قطر، سعودی عرب اور کویت جا رہے ہیں، آنے والے دنوں میں اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی گفتگو
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اگلے دو ماہ میں بھاری اور متاثر کن غیرملکی سرمایہ کاری ہوگی، دوست ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر کوئی کنفیوژن نہیں، مختلف ایم اویوزسائن کرنے قطر، سعودی عرب اور کویت جارہے ہیں۔ انہوں نے جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں بدقسمتی یا قسمت پر مکمل طور پر یقین رکھتا ہوں، ہوسکتا ہے جنہوں نے مجھے وزیر بننے سے روکا وہ دوست اب پچھتا رہے ہوں، بندے کو اندازہ نہیں ہوتا ، لیکن اگر نیت ٹھیک ہو تو نتائج دیر سے آتے ہیں لیکن بہتر ہوتے ہیں، حکومت شفاف الیکشن یقینی بنائے گی، 8 فروری کو عام انتخابات ہوں گے اور ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے، اس وقت ملک میں سکیورٹی چیلنجز پہلے سے زیادہ ہیں، سکیورٹی چیلنجزکو سیاسی عمل کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہتے، عوام سے ووٹ لینے کیلئے محرومی کارڈ استعمال کیا جارہا ہے ، پی ٹی آئی کو سیاسی سرگرمیوں کی مکمل اجازت ہے، سیاسی جماعتوں کی بیان بازی سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، پی ٹی آئی سمیت کسی جماعت کو جلسے جلوسوں ریلیوں سے نہیں روکا، سیاسی جماعتوں کی الیکشن سے متعلق شکایت پر کاروائی ہوگی۔
سرفراز بگٹی ہمارے بہت اہم وزیر ہیں، میری نظر سے ان کا بیان نہیں گزرا، شاید ان کے منہ سے کوئی بات نکلی ہو ، اگر ایسا لفظ استعمال ہوا بھی ہو، تو ایک لفظ کے استعمال سے پورے نگران سسٹم پر کیسے سوالیہ نشان لگایا جاسکتا ہے؟ نگران حکومت کسی بھی ایک سیاسی جماعت کو فیور نہیں کررہی ہے۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں دہشتگردی کی لہر ہے اس کو کسی سیاسی عمل سے نہیں جوڑنا چاہتے، بہت زیادہ چیلنجز ہیں، مغربی بارڈر پر جس طرح کی صورتحال بنتی جارہی ہے وہ آنے والے دنوں میں مزید سنجیدہ ہوسکتی ہے، لیکن یہ الیکشن میں رکاوٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے دو ماہ میں بھاری اور متاثر کن غیرملکی سرمایہ کاری ہوگی،دوست ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر کوئی کنفیوژن نہیں، مختلف ایم اویوزسائن کرنے قطر، سعودی عرب اور کویت جارہے ہیں،ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم کو متنازع بنانے کی کوششیں کی گئیں، 29نومبر کو بیرون ملک ہوں گا عدالت میں پیشی ممکن نہیں۔