عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر ذکاء اشرف کا رد عمل آگیا

لاہور: (سپورٹس ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈرعماد وسیم کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر ذکاء اشرف نے سابق کرکٹر کی پاکستان کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی کو محسوس کیا جائے گا۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ عماد وسیم کی وائٹ بال کرکٹ میں پرفارمنس ٹیم میں جیت کیلئے کلیدی رہی ہے تاہم ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں اور پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے آپ کی پاکستان کیلئے خدمات کا شکر گزار ہوں اور آپ کے تابناک مستقبل کیلئے نیک تمنائیں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے پی سی بی اور اپنے فینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ کافی سوچ و بچار کے بعد فیصلہ کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا یہی صحیح وقت ہے۔