ڈیوس کپ فائنلز: اٹلی اورسربیا کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

میڈرڈ : (سپورٹس ویب ڈیسک ) اٹلی اور سربیا کی ٹیمیں ڈیوس کپ فائنلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں ، سربیا نے برطانیہ کو اور اٹلی نے نیدرلینڈزکوشکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ۔

مارٹن کارپینا ایرینا، ملاگا ، سپین میں کھیلے گئے ڈیوس کپ فائنلز کے تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں اٹلی کی ٹیم نے حریف نیدرلینڈز کو 1-2 سے شکست دے کر ٹاپ فور راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں سربین ٹیم نے حریف برطانوی ٹیم کو با آسانی 0-2 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

یوں ڈیوس کپ فائنلز کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے، فن لینڈ،آسٹریلیا ، سربیا اور اٹلی کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ ڈیوس کپ فائنلز کے سیمی فائنل راؤنڈ میں فن لینڈ کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں اٹلی اور سربیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

ڈیوس کپ فائنلز کی دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 26 نومبر کو سپین میں ہی کھیلا جائے گا۔