نوجوان چاہتے ہیں پرانے سیاستدانوں سے جان چھوٹے، بلاول بھٹو زرداری

پرانے سیاستدانوں کی سیاست سے تکالیف کم نہیں ہوں گی‘ پرانے سیاستدانوں کا ارادہ انتقام اور حساب ہے، وہ گھر بیٹھ کر نوجوانوں کیلئے دعا کریں۔ چترال میں جلسہ عام سے خطاب

چترال ( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں ٹک ٹاکر اور اشرافیہ کی حکومت نہیں چاہتا، میں ملک میں عوامی راج قائم کرنا چاہتاہوں، ملک کے فیصلے کرنے کا اختیار صرف عوام کے پاس ہے، نوجوان چاہتے ہیں پرانے سیاستدانوں سے جان چھوٹے کیوں کہ پرانے سیاستدانوں کا ارادہ خدمت نہیں بلکہ انتقام اور حساب لینا ہے، وہ گھر بیٹھ کر نوجوانوں کے لئے دعا کریں۔
تفصیلات کے مطابق چترال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی صورتحال دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، عوام کے دکھ درد کم کرنا چاہتا ہوں، پرانے سیاستدانوں کی سیاست سے تکالیف کم نہیں ہوں گی، جس سمت میں ملک چل رہا ہے اس سے مسائل بڑھیں گے، پرانے سیاستدان عوام کی مشکلات میں اضافہ کریں گے کیوں کہ ان کا ارادہ خدمت نہیں بلکہ انتقام اور حساب لینا ہے، ان سے سیاست چھوڑنے کا مطالبہ نوجوانوں کا ہے، نوجوان چاہتے ہیں کہ ان پرانے سیاستدانوں سے جان چھوٹے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے سیاست شروع کی توعمر کیا تھی؟ اور جب بے نظیروزیراعظم بنیں تو ان کی عمر کیا تھی؟ بے نظیر بھٹو دنیا کی سب سے کم عمر وزیراعظم تھیں، میں اپنےبزرگوں کا احترام کرتاہوں، پی ٹی آئی والوں کی طرح گالی نہیں دیتا، پرانے سیاستدانوں سے اعتراض یہ نہیں کہ وہ بوڑھے ہو گئے ہیں، اعتراض یہ ہے کہ وہ پرانی سیاست نہیں چھوڑتے، انہیں چاہیئے کہ اب گھر بیٹھ کر نوجوانوں کیلئے دعا کریں، اب کام ہم نے کرنا ہے، ہم کام کرکے دکھائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کےاسپتالوں میں عوام کا مفت علاج ہوتا ہے، دل کےامراض کیلئےبھی مفت علاج کی سہولت ہے، سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے 20 لاکھ گھر بنا رہا ہوں، خواتین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دے رہے ہیں، متاثرین کو کچے مکانات کے بجائے پکے مکانات بنا کر دے رہے ہیں، چترال کی خواتین کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو بے نظیر شہید کے مشن کو آگے لے کر چل رہی ہیں، یہ وہ جگہ ہے جہاں سے میری نانی منتخب ہوئی تھیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ چترال کو حقوق صرف پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ملے، ہم نے اپنے ہر دور میں مہنگائی اور بے روزگاری کا مقابلہ کیا، بی بی کیلئے مشہور تھا کہ ’بے نظیر آئے گی روزگار لائے گی‘ میں وہی مشن پورا کرنا چاہتا ہوں اگر عوام ساتھ دیں تو کوئی مشکل نہیں، چترال کےعوام 3 نسلوں سے وفاداری کر رہے ہیں، ہم ایک بار پھر ثابت کریں گے کہ یہاں کے لوگ وفادار ہیں، ہم مل کر پی پی قیادت کا نامکمل مشن پورا کریں گے، فاٹا کو ٹیکس فری زون بنائیں گے۔