ہربھجن آسٹریلوی کرکٹرز کی فیملی کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنیوالے بھارتیوں پر پھٹ پڑے

نئی دہلی (این این آئی)بھارت کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے آسٹریلوی کرکٹرز کے اہلخانہ کو آن لائن ہراساں کرنے والے بھارتی شائقین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دی جس کے بعد بھارتی مداح آپے سے باہر ہوگئے اور کرکٹرز سمیت ان کے اہلخانہ کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں دینے لگے۔فائنل میں سنچری اسکور کرنے والے ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور بیٹی کو ریپ اور جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی، اس کے علاوہ تعصب زدہ بھارتیوں نے گلین میکسویل کی بھارتی اہلیہ کو بھی نہ بخشا۔

ان سب رپورٹس پر بھارت کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے ردعمل دیا۔انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا اور لکھا کہ آسٹریلوی کرکٹرز کے اہلخانہ کو ٹرولنگ کا نشانہ بنائے جانے کی خبریں انتہائی افسوسناک ہیں۔ہربھجن نے لکھا کہ ہم نے اچھا کھیلا لیکن فائنل میں آسٹریلیا کی جانب سے بہتر کرکٹ کھیلے جانے کی وجہ سے ہم ہار گئے، بس بات ختم، کھلاڑیوں اور ان کی فیملی کو ہراساں کیوں کیا جارہا ہے؟سابق کرکٹر نے کہا کہ میں تمام کرکٹ شائقین سے گزارش کرتا ہوں کہ اس طرح کا رویہ بند کریں، عزت اور وقار زیادہ اہم ہیں۔