ایک وزیراعظم بنے گا تو دوسرا دھاندلی کا الزام لگا کر دھرنے شروع کردے گا‘ بزرگ سیاستدان انتظامیہ کے زور پر الیکشن نہ لڑیں‘ شفاف الیکشن نہیں ہوگا تو نقصان عوام کا ہوگا۔ نوشہرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب
نوشہرہ ( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بزرگ سیاستدان انتظامیہ کے زور پر الیکشن نہ لڑیں، شفاف الیکشن نہیں ہوگا تو نقصان عوام کا ہوگا اس لیے اگر الیکشن سے پہلے نتائج طے کرنے ہیں تو انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ نوشہرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں دیگر سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہو انتظامیہ کے زور کی بجائے اپنے منشور پر الیکشن لڑیں، پی پی پی کو کسی انتظامیہ کی مدد کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ہم عوام کے زور پر الیکشن لڑتے ہیں، پاکستانی عوام پر بھروسہ کرتے ہیں جو جب بھی ووٹ استعمال کریں گے تو پھر پیپلزپارٹی کے حق میں ووٹ کریں گے اور کیوں نہ ہمیں ووٹ دیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں غریبوں، مزدوروں، کسانوں طالب علموں کی نمائندگی کرتی ہے، ہم کسی اور کا نہیں صرف اور صرف عوام کا فیصلہ مانیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں، ’مجھے امید ہے کہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر یہ یقینی بنائیں گے کہ فروری میں ہونے والے الیکشن پر کوئی سوال نہ اٹھا سکے کیوں کہ پاکستان کے مسائل کا حل صاف و شفاف الیکشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کہہ رہے ہیں جو لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، ان سے نہ پوچھا جائے، ہم سمجھتے ہیں کہ ان سے پوچھا جانا چاہیے کہ وہ کتنے لوگوں کو روزگار دے رہے ہیں اور جو سب کو جیل بھیجنے کی بات کرتا تھا آج وہ جیل میں ہے، جب وہ باہر تھے تو ایوب خان ان کا آئیڈیل تھا اور جب وہ حکومت سے باہر ہوتے ہیں تو ذوالفقار علی بھٹو بننا چاہتے ہیں۔