کرکٹ ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلوی نوجوان نے میلہ لوٹ لیا، سراج الحق

لاہور (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں ایک غیر مسلم آسڑیلوی نوجوان نے میلہ لوٹ لیا۔ اسرائیلی غاصب فوجیوں نے غزہ میں شیر خوار بچوں کو بھی شہید کر دیا ۔ ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد انتہائی اہم ہے ، اگلا وزیراعظم جماعت اسلامی سے ہو گا ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا غزہ مارچ میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شریک تھی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا اسرائیلی غاصب فوجیوں نے غزہ میں شیر خوار بچوں کو بھی شہید کر دیا، فلسطینی بچے پکار پکار کر ہم سے کہیں گے کہ ان کی مدد کیوں نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں ایک غیر مسلم آسڑیلوی نوجوان نے میلہ لوٹ لیا، آسٹریلوی نوجوان نے دنیا بھر کے سامنے کرکٹ کے میدان میں فلسطین کے حق میں آواز بلند کی، پاکستان میں بھی کروڑوں بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، تھر میں ہر سال ہزاروں بچے غذائی قلت کی وجہ سے انتقال کر جاتے ہیں، پاکستان کے کروڑوں بچے خوراک اور تعلیم سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا نگران حکومت نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے، منہگائی کے ہاتھوں عوام فاقوں پر مجبور ہو گئے ہیں، ملک میں شفاف انتخابات اس وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہیں، جماعت اسلامی میں عوام کو کرپشن فری پاکستان دینے کی صلاحیت ہے، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو قائد اور اقبال کا پاکستان دیں گے۔ انہوں نے کہا آئین میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار متعین ہے، فوج کا کام ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے، فوج کسی پارٹی کی نہیں 25 کروڑ عوام کی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کا اگلا وزیراعظم جماعت اسلامی کا ہو گا، کل سب نے دیکھ لیا کہ عوام کسی فرد یا جماعت کی غلام نہیں ہے۔