پرانے سیاستدان ماضی میں پھنسے ہیں،وہ نہ آج کی سوچتے ہیں نہ مستقبل کی،نئی سیاست سے ہم ان مسائل سے نکل سکتے ہیں،ایک بار پھر الیکشن کی بجائے سلیکشن ہوئی توعوام نقصان اٹھائیں گے۔بلاول بھٹو کا مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب
مردان (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج ایک بارپھر مردان پہنچا ہوں،پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے ہر دور میں عوام کی خدمت کی۔انہوں نے مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کنونشنز اور میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے۔مردان میں پرجوش استقبال پر شکرگزار ہوں۔
انتخابی شیڈول کے بعد ہم مردان میں دوبارہ جلسہ کریں گے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں مشکلات ہے، معاشی بحران سے تاریخی مہنگائی ہے۔ مہنگائی، غربت اور بےروزگاری کا حل پیپلز پارٹی ہے۔پیپلز پارٹی کو الیکشن میں کامیاب کرانا ہے تاکہ عوام راج قائم ہو سکے۔ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوام کی خدمت کی ہے۔
شہید بینظیر بھٹو نے 30سال سیاسی جدوجہد کی، 2 آمروں سے ٹکرائیں۔
قائد عوام ذوالفقار بھٹو کی شہادت کے بعد بینظیر بھٹو نے پیپلزپارٹی کا پرچم تھام لیا،قائد عوام ذوالفقار بھٹو نےعوام او ر جمہوریت کیلئے جدوجہد کی، شہادت قبول کی، قائد عوام ذوالفقار بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا۔قائد عوام ذوالفقار بھٹو نے عوام کوووٹ کی طاقت دلوائی ۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کو پیچھے چھوڑنا چاہتے ہیں۔
اب ہمیں نئی سیاست کا آغاز کرنا پڑے گا۔نئی سیاست سے ہم ان مسائل سے نکل سکتے ہیں۔ پرانے سیاستدان ماضی میں پھنسے ہیں،وہ نہ آج کی سوچتے ہیں نہ مستقبل کی۔ پی پی کارکنوں نے عوام کو بتانا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی دشمن پرانی سیاست ہے۔ وقت آپ کا ہے، جیت پیپلز پارٹی کی ہے سب کو نظر آ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میری خاطر آپس کے اختلافات کو چند ماہ کے لیے بھولنا ہے۔صرف آپ کے پاس اختیار ہے کہ وہ فیصلے کریں کہ ہمارا حکمران کون ہوگا۔ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں،کسی صورت عوام سلیکٹڈ راج کبھی قبول نہیں کریں گے۔ ایک بار پھر الیکشن کی بجائے سلیکشن ہوئی توعوام نقصان اٹھائیں گے۔