میٹرو بس کے بعد فیڈر منی بس سروس کے روٹس کو حتمی شکل دے دی گئی
راولپنڈی(نیوز ڈیسک) میٹرو بس سروس کے بعد راولپنڈی شہر کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا ایک اور منصوبہ تیار کرلیا گیا،شہر بھر میں 6 روٹس پرفیڈرز بس سروس بھی چلائی جائیں گی۔ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق منی بسیں راولپنڈی شہر اور گردونواح کے روٹس پر چلائی جائیں گی،جو مختلف روٹس سے مسافروں کو لاکر میٹرو سروس کے قریب تک لائیں گی،جہاں سے مسافر میٹرو بس سروس کے ذریعے اپنی مطلوبہ منزل پر روانہ ہوں گے۔
ابتدائی طور پر 78منی فیڈربسیں شہر میں چلائی جائیں گی،فیڈر بس سروس کا تمام تر انتظام بھی میٹرو ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے کنٹرول میں ہوگا۔ حکام کے مطابق بس سروس سواں سے ریلوے اسٹیشن،اسلام آباد ایکسرپس وے سے ریلوے اسٹیشن،ڈھوک کشمیریاںسے گنجمنڈی،ڈھوک کشمیریاں سے ٹی بی ہسپتال،پیرودہائی موڑ سے کشمیر روڈ،فیض آباد انٹرچینج سے شمس آباد،صادق آباد کے ذریعے کھنہ پل کے روٹس پر چلائی جائیں گی۔فیڈر منی بس سروس کے روٹس کو حتمی شکل دے دی گئی،بسوں کے لیے چوہڑ ڈپو اور صدر ڈپو کو بطور اسٹینڈ استعمال کیا جائے گا۔