غیر ملکی ماہر فلکیات نے کئی ماہ قبل ہی رمضان المبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ بھی بتا دی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ماہ جمادی الاول کا آغاز، رمضان المبارک کی آمد میں چند ماہ باقی رہ گئے، غیر ملکی ماہر فلکیات نے کئی ماہ قبل ہی رمضان المبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ بھی بتا دی۔ تفصیلات کے مطابق ہجری سال 1445 کے چوتھے ماہ ربیع الثانی کا اختتام ہو گیا، ملک میں ہجری سال کے پانچویں ماہ جمادی الاول کا چاند گزشتہ روز نظر آ گیا تھا۔
منگل کے روز جماد کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں رویت ہلال کے حوالے سے شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا گیا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر نے اعلان کیا کہ یکم جمادی الاول 1445ھ 16 نومبر بروز جمعرات کو ہوگی۔
بتایا گیا ہے کہ ماہ جمادی الاول کے آغاز کے بعد اب رمضان المبارک کے آغاز میں بھی چند ماہ ہی باقی ہیں۔ جمادی الاول کے آغاز کے بعد رمضان المبارک کی آمد میں 4 ماہ کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ جبکہ معروف غیر ملکی ماہر فلکیات نے کئی ماہ قبل ہی رمضان المبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ بھی بتا دی ہے۔ اس حوالے سے امارات فلکیاتی سوسائٹی کی ڈائریکٹر ابراہیم الجروان نے حال ہی میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا کہ فلکیاتی حساب سے ظاہر ہوتا ہے اس بار رمضان المبارک مارچ 2024ء کے دوسرے ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے اور عیدالفطر 10 اپریل کو ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے، تاہم سرکاری تاریخوں کا تعین ہونا ابھی باقی ہے اور یہ سرکاری اسلامی چاند دیکھنے والی کمیٹیوں پر مبنی ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ امارات فلکیاتی سوسائٹی کی ڈائریکٹر ابراہیم الجروان اسلامی مہینوں خاص کر رمضان المبارک، عید الفطر اور عید الاضحٰی کی تاریخوں کی پیشن گوئیوں کے حوالے سے خاصی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ ابراہیم الجروان اس سے قبل بھی کئی مواقعوں پر اہم اسلامی مہینوں اور تہواروں کی تاریخوں سے متعلق پیشن گوئیاں کر چکے، ان کی کئی پیشن گوئیوں درست بھی ثابت ہو چکیں۔